Taqreez e jaleel تقریظ جلیل

تقریظ جلیل
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
والصلاۃ والسلام علی سید المرسلین 
 اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، پوری نسل انسانی کے لیے یہ ایک مرکز ہے جہاں ہر موقع پر رہنمائی ملتی ہے پیدائش سے لے کر جنت اور جہنم میں دخول تک ہر چیز کا شافی اور وافی بیان مذہب اسلام عطا کرتا ہے ۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مختار کل ہیں،اور اللہ تعالی نے آپ کو ماکان ومایکون کا علم عطا فرمایا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ظاہری حیات میں صحابہ کرام کو آپ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا نبی کی بارگاہ میں جو مسئلہ پیش کیا جاتا اس کا فورا جواب مل جاتا تھا  حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی ظاہری زندگی میں اسلام کا پیغام عرب سے نکل کر کافی ممالک میں پہنچ چکا تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال ظاہری کے بعد نئے اور جدید مسائل بھی پیش آنے لگے جنھیں مجتہدین صحابہ نےبڑی عرق ریزی سے حل فرمایا کئی ایسے مجتہدین صحابہ تھے جن سے مسائل میں لوگ رجوع کرتے۔
صحابہ کے بعد تابعین کا دور آیا اور جدید مسائل در پیش آئے وقت کے زبردست فقہا نے اپنے تلامذہ کے ساتھ مل کر مسائل کو قرآن وحدیث کی روشنی میں حل فرمایا، اور کثیرمسائل کے حل کے لیے بے شمار جزئیات کا خزانہ امت مسلمہ کو عطا فرمایا صحابہ اورتابعین کے زمانہ سے یہ سلسلہ قائم ودائم ہے موجودہ دور میں بقاعدہ دار الافتاء سے زندگی کے ہر میدان میں لوگوں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری وساری ہے فقہااور مجتہدین نے اگرچہ ہزاروں جزئئات کا ذخیرہ جمع فرمادیا ہے لیکن پھر بھی وقتا فوقتا ایسے  جدید مسائل سامنے آجاتے ہیں جہاں پر ایک ماہر ذکی مفتی کی نظر پہنچتی ہے  جو سیپ سے موتی نکالنے میں کامیاب ہوجاتا ہے ۔
اس موجودہ دور میں  کافی تعداد میں دار الافتاء قائم ہیں جہاں سے بروقت قوم مسلم کی رہنمائی کی جاتی ہے 
جدید مسائل پر بہت ساری کتابیں معرض وجود میں آچکی ہیں مثلا ۔فتاوی رضویہ شریف ۔فتاوی  مفتی اعظم۔فتاوی بحر العلوم ۔فتاوی فیض الرسول ۔فتاوی مرکز تربیت افتا وغیرہ قدیم وجدید مسائل پر اتنی ساری کتابیں موجود ہیں کہ کتابوں کا دلدادہ اگر ان کا مطالعہ کرے تو علم کے فیضان سے مالا مال ہوگا۔
لیکن لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو کتابیں پڑھنا نہیں جانتی عربی اردو سے ان کو دلچسپی نہیں ہے یاان کو کتابیں آسانی سے دستیاب نہیں ہوسکتیں ہیں ضرورت تھی کہ ایسے لوگوں کو. دین کا پیغام آسانی سے کیسے پہنچے اور ان کے روزمرہ کے مسائل گھر بیٹھے کیسے حل ہوں۔
چونکہ میڈیا کا دور ہے ہرشخص کے پاس موبائل موجود ہے اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے حضرت علامہ مولانا سید سکندر وارثی صاحب نے یوٹوب پر مسائل شریعت کے نام سے ایک چینل بنایا تاکہ عوام اہل سنت کو آسان اور سادہ انداز میں زندگی کے متعلق بے شمار مسائل میں رہنمائی کی جائے
ماشاء اللہ حضرت کا یہ عمل "السعی منی والاتمام من اللہ"(کوشش میری جانب سے ہے اور پورا کرنا اللہ کی جانب سے ہے )کا عملی نمونہ ثابت ہوا اور اس چینل کو بہت تیزی سے مقبولیت حاصل ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کے سبسکرائبر لاکھوں کی تعداد میں پہنچ گئے آپ کے مسائل بیان کرنے کا اندار اس قدر نرالا ہے کہ مسئلہ کو بہت سادہ اور اچھوتے انداز میں بیان کرتے ہیں کہ سامعین جواب سن کر مطمئن ہوجاتے ہیں ۔
اسی طرح آپ واٹس ایپ پر موجود "اہل سنت "نامی گروپ میں لوگوں کے مسائل کے جوابات دیتے ہیں آپ جو بھی مسائل بیان کرتے ہیں ان کو اپنے پاس تحریر کرتے ہیں "اہل سنت "نامی واٹس ایپ گروپ پر بیان کردہ مسائل کا مجموعہ کتابی صورت میں طباعت کے مراحل سے گزرنے والا ہے  اس وقت میرے سامنے مسائل شریعت کی جلد اول ہے اس میں تقریبا 700 مسائل ہیں جن میں جدید مسائل بھی ہیں میں نے اس کتاب پر ایک طائرانہ نظر ڈالی تو کافی بہتر پایا، امید ہے کہ اس کا باقی حصہ بھی بہتر ہوگا۔
اللہ تعالی کی بارگاہ میں ہے کہ سید صاحب قبلہ کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے  علم وعمر میں بے شمار برکتیں عطا فرمائے اور دین اسلام کی خدمت کا مزید جذبہ عطا فرمائے اور عمر خضر بالخیر عطا فرمائے۔

دعا گو
محمد گل ریز رضا مصباحی ،مدناپوری،بہیڑی بریلی شریف یوپی 
استاذ۔جامعۃ المدینہ فیضان عطار ناگ پور 
9/ذی الحجہ 1441ھ
30/اگست 2020ء

Post a Comment

0 Comments